زرداری جیل جارہے ہیں، حکومت کہیں نہیں جارہی، وزیراعظم عمران خان



جمرود: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، آصف زرداری آپ جیل جانے والے ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے جمرود میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری میری بات سن لو، دھرنا تب کامیاب ہوتا ہے جب عوام کے دکھ کی بات کرتے ہیں لیکن جب چوری کے پیسے کو بچانے کی کوشش کرتے ہو تو لوگوں کو پیسے دے کر نکالنا پڑتا ہے، آصف زرداری اور بلاول دونوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آکر دھرنا دو۔

وزیراعظم نے کہا کہ میرا چیلنج ہے ایک ہفتہ کنٹینر پر گزار کر دکھاؤ، پرچی سے پارٹی کی وراثت لینے والے لیڈر نہیں بنتے بلکہ اس کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان بھی ملین مارچ کی بات کررہے ہیں، الیکشن میں ان کی وکٹ اڑ گئی، کلین بولڈ ہوگئے، سارا دن فیلڈنگ کی اور جب پہلی بال پرآؤٹ ہوگئے تو کہتے ہیں نہ کھیلنا ہے اور نہ ہی کسی اور کو کھیلنے دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سو ارب روپے باہر گیا، شریف خاندان کا بھی سو ارب باہر گیا، یہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ہم ناکام ہوگئے ہیں، ان کے دباؤ کا مقصد این آراو ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار باہر بھاگا ہوا ہے اور وہاں سے کہتا ہے معیشت خراب ہے۔ جس سے پوچھو پیسہ کدھرسے آیا، تین بار کے وزیراعظم کا بیٹا کہتا ہے میں کیوں جواب دوں، برطانوی شہری ہوں۔

یہ بھی پڑھیں وزیراعظم کا طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کے لیے کھولنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی عوامی عہدہ نہیں تھا لیکن میں نے 40  سال پرانے معاہدے دکھائے، یہ نہیں کہا کہ جمہوریت خطرے میں ہے، ان سے جواب طلب کرو تو کہتے ہیں نظام خطرے میں ہے۔ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن کے دورمیں فرار ہوا ہے۔

جیل سے بچنا ہے تو پیسے واپس کریں،وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ جو پیسہ چوری کیا ہے اس کا جواب دینا ہے، اگر جیل سے بچنا ہے تو اس کے لیے قوم کا پیسہ واپس کرو تاکہ ہم اپنے لوگوں کو غربت سے نکال سکیں۔ یہ سمجھتے ہیں جلسوں سے عمران خان بلیک میل ہوگا، لیکن میں چوروں کے احتساب کے لیے ہی حکومت میں آیا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کو نگران حکومت کا مشورہ دیا تھا کہ اگر الیکشن سے امن حاصل کرنا ہے تو اس کے لیے بنیادی چیز غیرجانبداری ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو نقصان افغانستان کا ہوگا جس سے پاکستان کو بھی مسئلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے مشورہ دیا ہے، اگر نہیں لینا تو نہ لیں، یہ مداخلت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان کوآج سب سے مشکل معاشی مرحلے کا سامنا ہے، 2008 میں ملک کا قرضہ چھ ہزار ارب روپے تھا۔ مسلم لیگ ن کا تجربہ منی لانڈرنگ اور چوری میں تھا جس سے قرضہ 30 ہزار روپے تک پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت روزانہ ساڑھے چھ ارب روپے ان کے لیے قرضوں پر سود دے رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ باہر سے سرمایہ کاری آئے تاکہ ملک کی آمدنی بڑھے، ہم چند ماہ بعد اس سے نکل جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب قوم کے نوجوانوں میں شعور آجائے تو وہ قوم کواوپر لے جاتے ہیں، پاکستان کو ایک عظیم قوم بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

رہنما پیپلزپارٹی نئیرحسین بخاری کاردعمل

عمران خان کے جلسے کے دوران خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی پی رہنما سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ ہمیں بے نامی وزیراعظم کے اٹھنے والے درد کا علم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری شہیدوں کے سیاسی جانشین ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کے اعصاب خطا کردیے ہیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ عمران خان کا کردار سازشیوں کے مہرے کا رہا ہے، وہ خود کماکر کھاتے تو مہنگائی کا پتہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرائے کا دھرنا دیا تھا، ہم بتائیں گے عوام کیسے دھرنا دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ذہنی طور شوکت خانم کے فنڈز کا حساب دینے کے لیے تیار رہیں۔

 


متعلقہ خبریں