وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف کی ملاقات


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں سربراہان نے ملک کی سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں افغان امن عمل پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ لائن آف کنٹرول کی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔

ایک ہفتے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، یہاں کے لوگوں اور حکومت کو روشن مستقبل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا تھا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فوج نے سرحدوں کی حفاظت اور داخلی سلامتی کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، پاکستان کے لوگ ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے کی سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کو آپریشن ردالفساد اور معاشی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔


متعلقہ خبریں