مہران800 سی سی کی فروخت بند، ہنڈا نے قیمتیں بڑھا دیں

مہران800 سی سی کی فروخت بند، ہنڈا نے قیمتیں بڑھا دیں

فائل فوٹو


اسلام آباد: گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی پاک سوزوکی نے 30 سال بعد 800 سی سی مہران گاڑی کی فروخت بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی نے 800 سی سی مہران کی جگہ 660 سی سی آلٹو متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی نے تمام بکنگ سینٹرز کو سوزوکی مہران کی بکنگ سے روک دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ آرڈرز کو 4 اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا اور مستقبل میں 800 سی سی مہران کی تیاری اور فروخت نہیں کی جائے گی۔

پاکستان میں زیادہ تر سفید پوش طبقہ پاک سوزوکی کی 800 سی سی مہران استعمال کرتا ہے۔ کمپنی نے 1988 میں سوزکی ایف ایکس کی جگہ 800 سی سی مہران متعارف کرائی تھی اور 2012 تک اس ماڈل کے ڈھانچے میں متعدد تبدیلیاں کی تھی۔

سوزوکی کمپنی نے 2012 کے بعد مہران سمیت اپنی تمام گاڑیاں میں یورو ٹو ٹیکنالوجی متعارف کرائی تھی۔ کمپنی نے2016 اور 2017 میں 800 سی سی مہران کی 38 ہزار311 گاڑیاں فروخت کی تھیں۔ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے سبب مہران کی قیمت متعدد بار اضافہ بھی ہوا لیکن فروخت میں کمی نہیں ہوئی۔

ہنڈا نے قیمتیں بڑھا دیں

گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی ہنڈا اٹلس نے روپے کی قدر میں کمی کے سبب قیمتوں میں 50  تا 85 ہزار اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ ڈیلرز کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل ہوچکا ہے۔

کمپنی نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے سبب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، 30 مارچ 2019 تک تمام سودے اور ادائیگیاں سابقہ قیمتوں پر ہوں گے اور یکم اپریل سے نئی قیمتوں پر لین دین ہوگا۔

ہنڈا اٹلس کے سیلز اینڈ مارکیٹنگ ڈویژن کے جنرل منیجر عامر نذیز کے مطابق ہنڈا سویک کی قیمت تبدیل نہیں ہوئی، سویک کی قیمت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں