کھانے کے پیسوں سے بلی کے لیے دودھ خریدنے والے بچے نے دل جیت لیے


کراچی: اپنے کھانے کے پیسوں سے بلی کو دودھ خرید کرپلانے والے بچے کے جذبے نے سب کو تعریف کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک بچے کی ویڈیو ہر طرف چھائی ہوئی ہے جس میں ایک بچے کو بلی کو دودھ پلاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس بچے سے ایک شخص پوچھتا ہے کہ یہ دودھ کہاں سے لائے ہو جس پر وہ بچہ سامنے کی دکان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے وہاں سے خرید کر لایا ہوں۔

پھر اس آدمی نے بچے سے اگلا سوال کیا کہ کیا کھانا ہے، اس پر بچے نے نفی میں سرہلایا اور کہا کہ نہیں کھایا، صبح ناشتہ کیا تھا۔

اپنے کھانے سے بلی کے لیے دودھ خریدنے والے بچے کو وہ آدمی کھانے کے لیے پیسے دے دیتا ہے لیکن بچے کے جذبے کو سب ہی سراہا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بچے کی ویڈیو شئیر کی ہے اور ساتھ لکھا ہے کہ شفاف اچھائی اور معصومیت نے میرا دل گرما دیا ہے۔

بچے کی ویڈیو پر بہت سارے لوگ تبصرے کررہے ہیں اور جذباتی جملوں کے ساتھ یہ کہہ رہے ہیں کہ انسان کی معاشی حالت خواہ کیسی بھی ہو، اگر کوئی اچھا دل رکھتا ہے تو اس کا اظہار اس کی چھوٹی چھوٹی باتوں سے ہو ہی جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں