سعودی شہریوں کے لیے ویزہ فیس ختم کردی، فوادچوہدری

فوٹو: فائل


ریاض/اسلام آباد: وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے سعودی شہریوں کیلئے ویزہ فیس ختم کردی ہے، سعودی شہریوں کوپاکستانی ایئرپورٹس پرہی ویزہ جاری کردیا جائے گا۔

سعودی عرب میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ بڑی تعداد میں سعودی شہریوں کے آنے سےعوامی رابطوں کو فروغ ملے گا، سعودی سیاحوں کاپاکستان آنا ہماری معیشت کےلیے فائدہ مند ہوگا۔

وزیراطلاعات کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرثقافت کا پاکستان سے گہرا اور قریبی تعلق ہے، پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تذویراتی کےعلاوہ ثقافتی تعلقات بھی ہیں، سعودی عرب سے سیاحت کے شعبےمیں تعلقات کو فروغ کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی ڈراموں اورفلموں کا تبادلہ کریں گے اور سعودی عرب سے پاکستانی فلموں کی نمائش کی اجازت پر بھی بات ہوچکی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب کے ثقافتی شعبے میں بھرپورتعاون کرناچاہتےہیں، پاکستانی ثقافت 5ہزارسال پرانی ہے، پاکستان میں فنون لطیفہ کےادارے انتہائی مضبوط ہیں ہم نے سعودی عرب کو کلچرل اکیڈمیز کے قیام اور ثقافتی شعبے میں فنکاروں اورماہرین کی خدمات کی پیشکش بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے آنے سے پاک سعودی تعلقات میں گرمجوشی پیدا ہوئی، سعودی ولی عہد نے اپنے آپ کو پاکستان کا سفیرقراردیا، پاکستان اور سعودی عرب کی نئی قیادت باہمی تعلقات کو مزید وسعت دے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا کردارقابل ستائش ہے، سعودی عرب میں مقیم 20لاکھ پاکستانیوں کاملکی معیشت میں اہم کردار ہے، سعودی عرب میں پاکستانی مجموعی ترسیالت زرکا ایک چوتھائی بھیج رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں