اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون کے ایک ریسٹورنٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ واقعہ تھانہ کوہسار کی حدود میں پیش آیا۔ ملزمان نے ریسٹورنٹ پر چار فائر کئے جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تھانہ کوہسار پولیس نے موقع پر پہنچ کر عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کیے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ریسٹورنٹ پر 10 نوجوان حملہ آور ہوئے، ویزل گاڑی میں سوار چار نوجوانوں نے حملہ شروع کیا جس کے بعد چاروں ملزمان نے کال پر چھ مزید لڑکوں کو بلایا جو ڈنڈوں سے لیس تھے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے ایس ایم جی گن سے فائرنگ کی، پولیس نے موقع واردات سے ایس ایم جی کے چھ راؤنڈ برآمد کر لئے ہیں۔