جڑواں شہروں میں ہلکی بارش، بلوچستان میں گرد آلود ہواؤں کا راج

بلوچستان میں گرد آلود ہواؤں کا راج: نظام زندگی مفلوج

اسلام آباد: جڑواں شہروں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جب کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرد آلود طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔

جمعرات کو جڑواں شہروں میں بادلوں نے ڈیرے جمالیے اور صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث لوگوں نے ایک بار پھر گرم کپڑے پہن لیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سندھ رہے گا جب کہ سندھ میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی کالام میں منفی 2 اور استور میں منفی ایک ریکارڈ کی گئی۔

 بلوچستان کے مختلف اضلاع گرد کے طوفان کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مٹی و گرد کا  طوفان ایران سے داخل ہوا ہے اور اس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تیز گرد آلود ہواؤں کے سبب نہ صرف کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے بلکہ دمہ و سینے کے امراض میں مبتلا افراد کی زندگی بھی سخت مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے کیونکہ انہیں سانس لینے میں ازحد تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کوئٹہ، تفتان، دالبندین، نوشکی، مستونگ، خاران، واشک اور بولان سمیت دیگر اضلاع و علاقوں میں ایران سے داخل ہونے والی تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح مفلوج ہے۔

یہ بھی پڑھیں ملک بھر میں موسم خشک، مغربی علاقوں میں ابرآلود رہنے کا امکان

ہم نیوز کے مطابق قلعہ عبداللہ، گلستان اور جنگل پیر علیزئی میں بھی مٹی کے طوفان نے زندگی اجیرن بنادی ہے اور دیکھنے کی صلاحیت انتہائی محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

بلوچستان کے کچھ علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تیز ہواؤں کے سبب بجلی اور ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے اور دیگر مواصلاتی سسٹم بھی اس کی لپیٹ میں آیا ہے۔


متعلقہ خبریں