کراچی: فیس بُک پر گھریلو جھگڑے کی شکایت پر سندھ پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا سے بیٹی پر تشدد کی آن لائن شکایت ویمن پروٹیکشن سیل کو موصول ہوئی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو بھائی سمیت گرفتار کر لیا۔
ویمن پروٹیکشن سیل کو فیس بک پر ایک شکایت موصول ہوئی جو ملائیشیا سے بھیجی گئی تھی۔ جس میں شکایت کرنے والے شخص نے آگاہ کیا کہ اس کی بیٹی کراچی کےعلاقے کورنگی میں رہائش پذیر ہے اور اس کا شوہر اور دیور اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔
پولیس کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد دیے گئے گھر کے پتہ پر کارروائی کی گئی جو کورنگی ڈیڑھ میں واقع ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران متاثرہ لڑکی کے شوہر بشیر اور اس کے بھائی سلیم کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیے:شکایتی سیل، فلپائنی نژاد پاکستانی لڑکی سے سفارتخانے کا رابطہ
وزیراعظم سیل میں بیٹی کی باپ کیخلاف شکایت
ملائیشیا میں موجود فیملی کے مطابق ان کی بیٹی کراچی میں اپنے سسرال میں رہتی تھی اور بیٹی کو خاوند اور سسرال کے دیگر افراد کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، میکا کراچی میں نہ ہونے کی وجہ سے لڑکی کو کوئی سپورٹ نہیں تھی۔
وومن پروٹیکشن سیل حیدرآباد میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا جب کہ ایس پی کلفٹن سہائی عزیز کی مدد سے تشدد کرنے والے خاوند اور اس کے بھائی کو گرفتار کیا گیا۔
یاد رہے کہ عوام کی سہولت کیلئے بنائے گئے وزیراعظم شکایت سیل میں بھی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی لڑکی نے فلپائن سے شکایت کی تھی کہ اس کے والد نے اسکی شناختی دستاویزات چھین لی ہیں۔
فلپائنی نژاد پاکستانی خاتون گل نیرہ نے باپ پر پاسپورٹ اور شناختی کارڈ چھین کر فلپائن میں چھوڑنے کا الزام لگایا۔
خاتون نے دستاویزات حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم شکایت سیل سے رابطہ کیا۔
گل نیرہ کا کہنا ہے کہ میرے والد محمد گلہاب گل 20 سال قبل میری ماں سے شادی کرکے مجھے پاکستان لائے تھے۔
انہوں نے مجھے پڑھایا لکھایا لیکن اب ان کی مرضی کے خلاف جانے پر والد نے مجھے فلپائن میں چھوڑ کر میرا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ چھین لیا ہے۔
میڈیا پر خبر چلنے کے بعد فلپائنی نژاد پاکستانی لڑکی گل نیرہ سے فلپائنی سفارتخانے نے رابطہ کیا تھا۔
گل نیرہ کا پاسپورٹ حوالگی کے لیے شکایتی سیل نے معاملہ وزارت برائے انسانی حقوق کو بھجوایا جس نے لڑکی کے پاسپورٹ کا معاملہ فلپانی سفارتخانے کے سامنے اٹھایا۔ سفارتخانے نے فلپائنی نژاد لڑکی گل نیرہ سے رابطہ کرنے کے بعد آئندہ چند دنوں میں معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔