نیب نے شہباز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کھول دی



اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف ایک اور انکوائری کھول دی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے خلاف وزیر اعظم کا جہاز استعمال کرنے کی شکایت کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق بطور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر وزیر اعظم کا جہاز استعمال کرنے کا الزام ہے جب کہ تحقیقات کے لیے نیب راولپنڈی کی مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

نیب راولپنڈی کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعظم ہاؤس سے جہاز کے استعمال سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا ہے۔ جس کے لیے نیب نے وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو خط بھی ارسال کر دیا۔

نیب نے وزیر اعظم کے سیکرٹری اعظم خان کو لکھے گئے خط میں سال 2014 سے سال 2018 تک وزیر اعظم کے جہاز کے استعمال کا ریکارڈ مانگا ہے۔

شہباز شریف پر لیپ ٹاپ اسکیم میں بھی کروڑوں روپے کے خرد برد کا الزام لگایا گیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد انہیں کلین چٹ دے دی گئی۔ کوئی ثبوت نہ ملنے پر شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں  لیپ ٹاپ اسکیم، پنجاب حکومت کی شہباز شریف کو کلین چٹ

12 مارچ کو پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ لیپ ٹاپ اسکیم میں کسی سیاستدان یا بیوروکریٹ کی بدعنوانی سامنے نہیں آئی۔ لیپ ٹاپس کی تقسیم پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 کے تحت کی گئی جس میں سب سے کم بولی دینے والی فرم کومنتخب کیا گیا۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ ہزاروں لیپ ٹاپ غائب ہونے کا الزام درست نہیں۔ نیب لاہور نے مارچ 2018 میں انکوائری شروع کی تھی مگر اسے ابھی تک کسی ایک فرد کی بدعنوانی کا ثبوت بھی نہیں ملا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا چیئرمین تعینات کیا گیا تو انہوں نے سابق دور حکومت میں لیپ ٹاپ اسکیم میں کی گئی مبینہ کرپشن کے آڈٹ کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں