انفارمیشن کمیٹی ایم ڈی پی ٹی وی پر برہم

انفارمیشن کمیٹی ایم ڈی پی ٹی وی پر برہم

فائل فوٹو


اسلام آباد:  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے ممبران نے ایم ڈی پی ٹی وی ارشدخان کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات  کا اجلاس چیئرمین کمیٹی میاں جاوید لطیف کی زیرصدارت ہوا۔  چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایک شخص کام نہیں کر رہا لیکن پھر بھی معاوضہ وصول کر رہا ہے تو یہ زیادتی ہے۔ اجلا س میں بتایا گیا کہ ایم ڈی پی ٹی وی ارشد خان 38 دن تک کام پر نہیں آئے لیکن انہوں نے غیرحاضری کی بھی تنخواہ وصول کی۔

چیئرمین کمیٹی جاوید لطیف نے کہا کہ ایم ڈی نے غیرحاضری پر جو تنخواہ لی ہے اسکا حساب ہونا چاہیے۔

ممبر کمیٹی محمد اکرم نے کہا کہ ایک شخص کی وجہ سے اتنا بڑا ادارہ تباہی کے دہانے پر لگا ہے، ارشدخان کو کون سے سرخاب کے پر لگے ہیں جو انہیں فارغ نہیں کیا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا ایم ڈی پی ٹی وی پر بڑا الزام

ممبر کمیٹی طارق اقبال ایم ڈی کو فوری طور پر عہدے سے اٹھا کر باہر پھینکنا چاہیے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سب سے پہلے ایم ڈی پی ٹی وی کو چارج دینے کے تمام قانونی پہلووں کا جائزہ لینا ہو گا

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے چیئرمین کمیٹی کو بتایا کہ میں نے وزارت سنبھالتے ساتھ ہی پی ٹی وی کو اپوزیشن کو کوریج دینے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر پی ٹی وی کا کوئی چیئرمین موجود ہی نہیں۔

مریم اورنگزیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی کو بی بی سی طرز کا بنانے کا کہا تھا اور اب اس پر یوٹرن لے چکے ہیں۔

چیئرمین کمیٹی میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا تھا اگر بات نہیں منوا سکتے تو حکومت ہی چھوڑ دیں لیکن میں نہیں کہوں گا کہ فواد چودھری وزارت چھوڑ دیں۔

تمام معاملات وزیر اعظم ہاؤس میں بیٹھ کر کیے جا رہے ہیں

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ایم ڈی پی ٹی وی کو بورڈ کا ممبر اور پھر پھر چیئرمین بنایا گیا، پی ٹی وی کو بی بی سی بنانے پر یوٹرن لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام معاملات وزیر اعظم ہاوس میں بیٹھ کر کیے جا رہے ہیں، جس وقت حکومت کامقصد یوٹرن لینا ہوں تو پی ٹی وی اور ریڈیو جیسے اداروں کا یہی حال ہو گا، ایم ڈی پی ٹی وی اگر وزیراعظم کے دربار میں بیٹھ کر کام کریں گے تو ملازمین کی بات کون سنے گا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کو ڈھونڈنے کے لیے تلاش گمشدگی کا اشتہار بھی پی ٹی وی کو دینا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں