ملک بھر میں بارش اور برفباری، چھتیں گرنے سے 5 افراد جاں بحق



اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے دوران مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔

مغربی ہواؤں کا دباؤ بڑھنے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

مری میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ پاراچنار، شانگلہ، زیارت، گلگت بلتستان، کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں برفباری سے سڑکیں بند ہو گئیں۔

کوئٹہ چمن عالمی گزر گاہ میں ہیوی مشینری کو سڑکوں سے برف ہٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں شدید بارشوں اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جب کہ چمن کے ندی نالوں میں طغیانی سے کئی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے جب کہ بیشتر مقامات پر کچی مکانات گر گئے ہیں۔

بلوچستان انتظامیہ نے بالائی سیلابی ریلوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر رکھا ہے جب کہ پی ڈی ایم اے اہلکاروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا  گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں حالیہ بارشوں میں 15 افراد جاں بحق ہوئے، این ڈی ایم اے

ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقہ کربوغہ شریف میں بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گر گئی۔ جس کی وجہ سے ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچیاں شامل ہیں۔

اٹک کے نواحی گاؤں بولیانوال میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے 55 سالہ پرویز ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

ڈیرہ غازی خان میں بارش کی وجہ سے ہونے والے پھسلن کے باعث تیز رفتار کار نالے میں جاگری جس کی وجہ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

لیہ کے علاقہ کھرل عظیم کے قریب لیہ مائینر میں 10 فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا جس کی وجہ سے نہر کا پانی قریب دیہاتوں میں داخل ہو گیا جب کہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔

ملک بھر میں بارش کے باعث بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

لاہور میں بارش کی وجہ سے لیسکو کے 64 فیڈرز ٹرپ کر گئے جب کہ 120 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ شادمان ٹاؤن، اسلم پورہ، جوہر ٹاؤن، گلبرگ سمیت کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بارکھان 23 ملی میٹرجب کہ سبی 20 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب میں سب سے زیادہ بارش ملتان 19 ملی میٹر اور ڈی جی خان میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

زیارت میں 6 انچ جب کہ مالم جبہ میں 3 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں