بیجنگ: چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے پاکستان اور چین کو ’آئرن برادر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو دریش بحران حل کرنے کے لیے ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھنا چاہیے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق وانگ یی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرانے میں چین نے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔
چین اور بھارت کے درمیان تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ چینی ڈریگن اور بھارتی ہاتھی نہیں لڑیں گے بلکہ مل کر ڈانس کریں گے۔
چین کے وزیرخارجہ وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین ابتدا ہی سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے، بڑھتی کشیدگی کو روکنے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتا آیا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق چین کے وزیرخارجہ نے اس توقع کا اظہارکیا کہ پاکستان اور بھارت موجودہ بحران کو مسائل سلجھانے کے موقع میں تبدیل کرلیں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے دونوں ممالک کو مشورہ دیا کہ وہ ایک صفحہ پلٹ دیں اورتعلقات میں بنیادی نوعیت کی طویل المدتی بہتری لے آئیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی مثبت اشارہ ہے جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں۔