بھارت کی ایل او سی پر فائرنگ، دو افراد زخمی

فوٹو: فائل


راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز نے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بگسر سیکٹر میں ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق بھارت ایل او سی پر جارحیت کے ساتھ پاکستان پر الزام تراشی بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج شہری آبادی کو کبھی نشانہ نہیں بناتی، لائن آف کنٹرول کے پار مقبوضہ کشمیر کے عوام پہلے ہی ستم رسیدہ ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک فوج شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے اصول پر سختی سے کاربند ہے، بھارت کی طرف سے شہریوں کو نشانہ بنانے کے گھنونے فعل کو نظرانداز نہیں کریں گے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے شہریوں کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی، ملک کی فضائی اور سمندری افواج مکمل طور پر مستعد اور تیار ہیں۔

خیال رہے کہ تین مارچ کو لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد شہید جبکہ 32 زخمی ہوگئے تھے۔

بھارتی جارحیت سے 38 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، چار  مکمل طور تباہ جبکہ 181 خاندان اپنے گھر بار چھوڑ کر چلے گئے۔


متعلقہ خبریں