پاک بھارت جنگ کا خطرہ فی الحال ٹل گیا، عمران خان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بروقت فیصلوں سے پاک بھارت جنگ فی الحال ٹل گئی ہے مگر بھارتی رویے کی وجہ سے جنگ کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم  نے کہا کہ کالعدم تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ عالمی دباؤ پر نہیں کررہے، دنیا کو بتا چکے ہیں کہ وہی  فیصلہ کریں گے جس میں پاکستان کا مفاد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی پر اجلاس کے شرکا کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ بروقت اور درست فیصلوں سے جنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے ارکان کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیموں پر پابندی ملک کا اندرونی معاملہ ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت نے اسرائیل سے مل کر پاکستان پر حملے کا منصوبہ بنایا

پارٹی اراکین نے وزیراعظم کے امن اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کے اقدامات سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پیغام پہنچا ہے۔

اجلاس میں وزارت خارجہ کے کردار کی تعریف کی گئی اور تحریک متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے اجلاس  کو دیگر ممالک کے ساتھ روابط سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس کے شرکاء نے پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر کے سامنے بہترین انداز میں پیش کرنے پر شاہ محمود قریشی کو مبارکباد پیش کی۔ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے فیاض الحسن چوہان سے متعلق فیصلے کو بھی سراہا۔

پاک بھارت کشیدگی

بھارت گزشتہ کچھ عرصے کے دوران دو مرتبہ پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔ دوسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے جن میں سے ایک آزاد کشمیر جبکہ دوسرا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

آزاد کشمیر میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستانی حکام نے حراست میں لے لیا جسے کچھ روز قبل واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کردیا گیا۔

تاہم اس کے باوجود بھی مودی سرکار کا جنگی جنون کم نہ ہوا اور بھارت سے مسلسل جنگ کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

گزشتہ روز ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت اسرائیل کی مدد سے پاکستان پر میزائل حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا تاہم پڑوسی ملک کو پیغام دیا گیا کہ اگر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے ممکنہ ٹارگٹ سے متعلق دوست ممالک سے معلومات شیئر کی جا چکی ہیں، پاکستان نے دوست ملکوں اور عالمی طاقتوں کو بتایا ہے کہ بھارت سے امن چاہتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کراچی اور بہاولپور دشمن بھارت کے ٹارگٹ پر ہیں۔


متعلقہ خبریں