پاکستان کا معیاری وقت کیا ہے؟ عدالت میں درخواست دائر

پاکستان کا معیاری وقت کیا ہے؟ عدالت میں درخواست دائر

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان کا معیاری وقت جاننے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں ایک شہری نے درخواست دائر کردی ہے۔

شہری محمد حسنین نے اپنے وکیل عثمان خلیل ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ  پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کیا ہے، کسی کو معلوم نہیں۔

ہر شخص اور ادارے کے گھڑیوں میں منٹس، سیکنڈز،ملی سیکنڈز، مائیکرو سکینڈز یا نینو سیکنڈز کا فرق پایا جاتا ہے۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور پی سی ایس آئی آر کا ذیلی شعبہ پاکستان اسٹینڈرڈر ٹائم کو ڈیل کرتا ہے۔ نیشنل فزیکل اینڈ اسٹینڈرڈ لیبارٹری پابند ہے کہ ملک میں یکساں اور سٹینڈرڈ ٹائم کی تشہیر کرے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ این پی ایس ایل ملک میں یکساں اسٹینڈرڈ ٹائم متعارف کروانے میں ناکام رہا ہے، این پی ایس ایل کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ہر ٹی وی چینل، ہر ائیرلائن، ہر ٹیلی کام کمپنی اور ہر ادارے کی گھڑیاں الگ الگ وقت بتاتی ہیں۔

اکیسویں صدی میں بھی پاکستانی عوام ملک کے اسٹینڈرڈ ٹائم سے ہی لاعلم ہیں جو کہ شرمندگی کا باعث ہے، پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم یکساں نہ ہونے سے عوام الناس کو ہرسال کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ ملک میں یکساں اسٹینڈرڈ ٹائم کے نفاذ کو یقینی بنانے کا حکم جاری کیا جائے۔


متعلقہ خبریں