پولیس میں سیاسی بھرتیاں سانحہ ساہیوال کی ذمہ دار، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب


لاہور: ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں جو ہوا وہ ٹھیک نہیں ہوا لیکن یہ صرف اسی دن نہیں ہوا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 40 سال کی بدنظمی، بد ترتیبی اور پولیس میں سیاسی بھرتیاں اس سانحے کی ذمہ دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سبزہ زار سے بات شروع ہو کر یہ بات ماڈل ٹاون تک پہنچیں، گزشتہ حکومتوں نے حالات کو یہاں تک پہنچایا، یہ جو سانحہ ہوا یہ ایک دن کی بات نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اپنے مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، پہلے حکومتوں میں یہ وطیرہ نہیں تھا کہ کسی سانحہ پر تحقیقات کے لیے جو قوم سے وعدے کیئے جائیں وہ پورے ہوں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) رپورٹ کو مکمل کر کے آج آپ کے سامنے پیش کرُرہے ہیں جس میں چند باتیں بہت واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے یہ بات ثابت کر دی کہ خلیل بالکل بے قصور تھا جبکہ ذیشان کے کالعدم جماعتوں کے ساتھ تعلقات تھے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے لکھا وہاں کوئی موٹر سائیکل نہیں تھا، گاڑی سے بھی کسی قسم کی کوئی فائرنگ نہیں کی گئی، ہولیس نے اپنی وین پر خود سے فائرنگ کی۔

شہباز گل نے کہا کہ دنیا کی ہر فورس ایک قائدے کے تحت کام کر رہی ہے، یہ تمام لوگ سیاستدان ہوں، پولیس ہو، صحافی ہوں، ہم میں سے ہی ہیں، ان کو ایسا بنانے میں جن کا ہاتھ ہے وہ میں پہلے واضح کر چکا ہوں، جیسے آج ہم اپنے حقوق کے لیئے کھڑے ہوتے ہیں کاش ایسے 30 سال پہلے بھی ہوتے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ دو کروڑ روپے کی رقم ایک ٹرسٹ میں جمع کروائی جائے گی تاکہ ان کا ماہانہ منافع بچوں کو ملے، خلیل کے والد اور والدہ بوڑھے ہیں ان کی باقی ماندہ زندگی اچھی بسر کرنے کے لیے بھی ایک کروڑ روپیہ انہیں دیا جائے گا جبکہ بچے لاہور کے ڈیویزنل پبلک اسکول میں پڑھیں گے۔

شہباز گل نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے موقع پر موجود تمام لوگوں کو قتل کے جرم کا مرتکب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ ہم اس رپورٹ کو چھپائیں گے، یہ معاشرے کا مجموعی رویہ ہے جسے سامنے لایا جائے گا، ایک بات تہہ ہے کہ ہم آپ کے سامنے جواب دہ ہیں اسی لیے آپ کے سامنے بیٹھے ہیں۔

’وعدہ کیا گیا کہ ذمہ داران کو سزا ملے گی‘

اس موقع پر مقتول خلیل کے بھائی نے کہا کہ جب بھی ہمیں ضرورت محسوس ہوئی حکومت سے رابطہ کیا، جو کام اچھا ہے اس کی تعریف کرنی چاہیئے، جو کچھ چیزیں رہتی ہیں وہ بھی یہ ہمیں دلوانے میں ہماری مدد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وعدہ کیا گیا کہ ذمہ داران کو سزا ملے گی، تحریک انصاف انصاف کے نام پر ہی بنی تھی، اگر یہ بھی ناکام ہو جاتے تو عوام کا ان سے اعتماد اٹھ جاتا، میڈیا کا بھی مشکور ہوں کہ اس واقع کو ہائی لائیٹ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم نے ذمہ داران کو چھوڑ دیا تو کل کو یہی ظلم کسی اور خاندان کے ساتھ ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں