راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی فضائی حدود میں 21 منٹ رہنے کا دعویٰ کررہا ہے، چیلنج کرتا ہوں بھارت اتنی دیر ہماری فضائی حدود میں رہ کر دکھائے۔
بھارت کی جانب سے دراندازی پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر حملہ ہوا تو واضح جواب دیا جائے گا۔
350 دہشت گرد مارنے کا دعویٰ جھوٹا قرار
ان کا کہنا تھا کہ بھارت دعویٰ کررہا ہے کہ 350 دہشت گرد مارے، اگر دس بھی ہوتے تو وہاں خون ہوتا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی طیاروں نے پہلی کوشش سیالکوٹ اور لاہور سیکٹر پر کی، جابہ کے مقام پر بھارتی طیاروں نے چار بم گرائے، وہاں اگر کوئی انفراسٹرکچر ہوتا تو اس کا ملبہ ہوتا۔
مزید پڑھیں: بھارتی فضائیہ کی دراندازی: پاک فضائیہ کی کارروائی پر دشمن فرار
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جواب کہاں اور کس وقت ہوتا ہے یہ فیصلہ ہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نےکہا تھا کہ بھارت نے حملہ کیا تو سوچیں گے نہیں جواب دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ آپ ہمیں کبھی حیران نہیں کرپائیں گے، آپ نے ہمیں حیران نہیں کیا، ہم آپ کو سرپرائز کریں گے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کو واضح کیا گیا تھا کہ حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رات کے وقت ہماری پٹرولنگ ٹیم معمول کی پرواز پر تھی، دشمن کی سرحد پار کرنے کی اطلاع ریڈار سےملتی رہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو جواب لازمی دیا جائے گا، شاہ محمود
انہوں نے کہا کہ بھارت دشمنی میں جھوٹ اور بے وقوفی کا سہارا لیتا ہے، وہ صورت حال پر قوم کواعتماد میں لے چکے ہیں۔
’جبہ کے مقام پر بھارتی طیاروں نے چار بم گرائے‘
انہوں نے بتایا کہ بھارتی طیاروں نے پہلی کوشش سیالکوٹ اور لاہور سیکٹر پر کی، جبہ کے مقام پر بھارتی طیاروں نے چار بم گرائے، وہاں اگر کوئی انفراسٹرکچر ہوتا تو اس کا ملبہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مسلح افواج کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، بھارت کوجواب دینے کے لیے جگہ اور وقت کا تعین ہم کریں گے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج جو سرپرائز دےگی اس کا انتظار کریں، ہم مختلف طریقوں سےبھارت کوجواب دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موسم کی خرابی کے باعث میڈیا کو نہیں لے جاسکے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر تجزیہ کاروں کی رائے
واضح رہے بھارتی فضائیہ نے 26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا۔
بھارتی ایئرفورس کے طیارے خیبرپختونخوا کے علاقے بالا کوٹ تک آگئے تھے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبورکردیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگ گئے۔
بھارتی طیاروں کے گرائے گئے پے لوڈ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
14 فروری کو کشمیر میں بھارتی فوج پر ہوئے حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔ حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ بھارت نے حملے کے بعد بلا تحقیق پاکستان پر الزام لگایا تھا۔