کراچی میں انڈا موڑ کے قریب لوٹ مار کرنے والے ڈاکؤوں نے مبینہ طور پر رکشہ میں سوار لڑکی کو گولی مار دی۔
شادمان ٹاؤن انڈا موڑ کے قریب رکشے میں سوار لڑکی کو مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار ڈاکؤوں نے روک کر لوٹنا چاہا تو 20 سالہ طالبہ نے مزاحمت کرتے ہوئے شور مچایا ۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکؤوں نے فائرنگ کی جس سے نمرہ شدید زخمی ہوگئی۔
فائرنگ کی آواز سن کر قریب ہی موجود پولیس کا موٹر سائیکل اسکواڈ موقع پر پہنچا اور ڈاکؤوں کا تعاقب کیا۔
مزید پڑھیں:
اس دوران مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو شدید زخمی ہوکر گر پڑے۔
فائرنگ سے زخمی نمرہ کو پہلے عباسی شہید اور پھر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی ۔
پولیس موبائل میں اسپتال منتقلی کے دوران ایک ڈاکو بھی دم توڑ گیا جس کی شناخت ریاض کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ڈاکو کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ نمرہ سر میں گولی لگنے کے باعث جان سے گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گولی کس ہتھیار کی تھی یہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی پتہ لگ سکے گا۔