جو مرضی کرلیں، ایک ایک کا احتساب کرنا ہے، وزیراعظم



راجن پور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ طاقتورڈاکو پکڑا جائے تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں پڑ گئی ہے لیکن یہ سن لیں کسی کو چوری نہیں بچانے دیں گے، ایک ایک کا احتساب کریں گے۔

راجن پورمیں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کے نام پر یہ جو ٹولہ بنا ہوا ہے یہ اپنی چوری بچانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تماشہ دیکھیں کہ طاقتور ڈاکو پکڑا جاتا ہے تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کمزور اور طاقتورآدمی کے لیے الگ الگ قانون ہے، جب ڈیرہ غازی خان جیل میں گیا تو دیکھا کہ وہاں کوئی طاقتورڈاکو نہیں تھا لیکن جب اسمبلی جاتا تھا وہ طاقتور ڈاکو نظر آتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک سال سپریم کورٹ میں اپنی صفائی دی جب انہوں نے مجھ پر مختلف الزامات لگائے، میں نے اپنی دولت کے ثبوت دکھائے، یہ نہیں کہا کہ تب تو کرکٹ کھیلتا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے جوابدہ ہوں، جب 60 دستاویزات دئیے تو کہا کہ ایک بھی غلط ثابت ہو تو میں استعفٰی دے دوں گا لیکن شریف خاندان نے اپنے فلیٹس کا اب تک دفاع پیش نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فلیٹس کا دفاع نہیں پیش کرسکتے کیونکہ یہ بتاتے 2006 کا ہیں لیکن انہوں نے اصل میں 1993 میں خریدے تھے۔

عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے گبھرانا نہیں ہے جو آپ کے خلاف مہم چلاتے ہیں، عثمان بزدار جانتا ہے کہ اسپتالوں اور اسکولوں کی اصل صورتحال کیا ہے، انہیں عوام کا احساس ہے اور انہیں لانے کا مقصد یہی تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری نظام میں سزا اورجزا کا نظام ہی نہیں ہے اس لیے کوئی بھی سرکاری اسپتال سے علاج نہیں کرانا چاہتا ہے، جب تک نظام درست نہیں ہوگا کوئی بھی ملکی ادارہ ٹھیک نہیں ہوسکے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف، شہبازشریف، اسحاق ڈار اور ان کے خاندان کے افراد علاج کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں حالانکہ انہوں نے یہاں دس دس سال حکومت کی۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری اسپتالوں کی حالت بہتر بنائیں گے تاکہ عام آدمی کو صحت کی بہترین سہولیات میسر آئیں۔

وزیراعظم نے وزیر صحت پنجاب اور وفاقی وزیر برائے صحت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سرکاری اسپتال کا برا حال ہے کیونکہ وہاں عام آدمی جاتا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا تعلق پاکستان کی پہلی آزاد جنریشن سے ہے، بار بار قوم کو سمجھاتا ہوں کہ ملک اس نظریے پر بنا تھا، جب قوم اس سے ہٹتی ہے تباہ ہوجاتی ہے۔ ہمارا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انصاف اور انسانیت مدینہ کی ریاست کے لیے دو بنیادی اصول ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا ہے، اگر ہم اپنے نظریے پر واپس نہ آئے تو یہ ملک  وقت کے ساتھ ختم ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں