پلوامہ حملے کے بعد انتہا پسندوں نے بھارت میں موجود پاکستانیوں کا جینا دوبھر کر دیا، بھارتی انتہا پسندوں نے جنگی جنون میں تمام حدیں پار کر تے ہوئے جے پور جیل میں پاکستانی قیدی کو قتل کر دیا۔
ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق بھارت کا جنگی جنون تھمنے کو نہیں آ رہا، پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کا گزارہ مشکل کر دیا۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی اہلیہ کو چوروں نے لوٹ لیا ، ان کے پرس میں چار ہزار ڈالر موجود تھے، واقع پر پاکستانی ہائی کمیشن کو آگاہ کیا گیا بعد ازاں خاتون دورہ مختصر کر کے وطن واپس روانہ ہو گئیں ۔
ایک اور واقعہ میں بھارت کے شہر گرداس پور میں بھارتی فورسز نے پاکستانی خاتون پر گولیاں چلا دیں۔
بھارت کے شہرجے پور جیل میں دہشتگردی کے جھوٹے الزام پر جیل کاٹنے والے پاکستانی قیدی شاکر اللہ پر بھارتی انتہا پسندوں نے حملہ کرتے ہوئے اسے اینٹیں اور پتھر مار مار کر بے دردی سے اس کی جان لے لی ۔
اطلاعات کے مطابق شاکر اللہ کا تعلق سیالکوٹ سے ہے اور اسے دو ہزار سترہ میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔
بھارتی الزام تراشیوں پر وزیراعظم عمران خان کے منہ توڑ جواب پر ہندوستان کے تن بدن میں آگ لگ گئی۔ انڈین میڈیا نے بھی پاکستان مخالف پراپیگنڈے کی تمام حدیں عبور کردی ہیں۔
حکومت ہو، عوام یا میڈیا کی زبان، بھارت میں ہر کوئی پاکستان مخالف راگ الاپ رہا ہے۔ انڈین ٹی وی چینلز نے پاکستانی کرکٹرز کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔
کوئی پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر دکھا کر پروپیگنڈہ کررہا ہے تو کسی نے بی سی سی آئی میں کرکٹرز کی تصاویر دکھا کر آسمان سر پہ اٹھا رکھا ہے۔شاہد آفریدی نے وزیراعظم عمران خان کا خطاب ٹویٹر پر شیئر کیا۔ تو انتہا پسند بھارتیوں نے ان کے خلاف مورچہ سنبھال لیا۔
پاکستانی فنکار بھی بھارتی شہریوں کے نشانے پر ہیں۔ علی ظفر نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت میں ٹویٹ کیا تو انتہا پسند ہندوستانی ان کے خلاف زہر اگلنے لگے۔