اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کا نام ایک بار پھر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کےلیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔
شہباز شریف کا نام آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔
شہباز شریف کا نام پہلے بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود رہا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کی۔
سابق وزیراعلی پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکو نیب کی جانب سے آشیانہ اسکیم اسکینڈل میں گزشتہ سال 5 اکتوبر کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ صاف پانی کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں نیب میں پیش ہوئے تھے۔
دو فروری کو نیب نے رمضان شوگر ملز کیس میں تحقیقات مکمل کرکے شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہبازکو ملزم نامزد کیا تھا۔