لاہور: احتساب عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 دن کی توسیع کردی ہے۔
خواجہ برادران کو ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتایا جائے ریفرنس کا کیا بنا؟
نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نوے روز پورے ہونے تک پیراگون کا ریفرنس پیش کر دیا جائے گا۔
عدالت نے نیب کو حکم دیا ہے کہ خواجہ برادران کے خلاف حتمی رپورٹ داخل کی جائے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مجھے آج بکتر بند گاڑی میں لایا گیا جو کہ 60 سال پرانی لگ رہی تھی، مجھے جیل سے یہاں آنے میں ایک گھنٹہ لگ گیا۔
سابق وزیرریلوے نے کہا کہ بکتر بندگاڑی میں جھٹکے لگنے سے میری ٹانگ کے درد میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی ذمہ داری ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب پولیس پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدا ان کی حکومت نہیں رہے گی حکومت جو کر رہی ہےوہ درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں
خواجہ برادران کو جیل بھیجنے کا حکم
خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے احتساب عدالت پہنچنے والے مسلم لیگی کارکنان کو عدالت کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔
خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں اور اُن سے نیب تفتیش کر رہا ہے۔ دونوں بھائی نیب کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت تین مقدمات میں مطلوب تھے۔
یاد رہے کہ ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پر پیراگون اسکیم کے نام پر اربوں روپے فراڈ کا الزام ہے۔ نیب کا مؤقف ہے کہ دونوں ملزمان نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
خواجہ برادران کو پیراگون سٹی کرپشن کیس میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ نیب نے 11 دسمبر 2018 کو خواجہ برادران کو گرفتار کیا تھا۔