منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری، فریال تالپور کی ضمانت میں توسیع

پارک لین ضمنی ریفرنس: آصف زرداری، فریال تالپور پر9ستمبر کو فرد جرم عائد ہوگی

فوٹو: فائل


کراچی: منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت میں پانچ مارچ تک توسیع کر دی گئی۔

کراچی کی بینکنک کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ فریال تالپور، حسین لوائی، عبدالغنی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کل کیا ہوا ؟

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 16 فروری کو رکھی گئی ہے جب کہ چئیرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے کیس نیب منتقل کرنے کی درخواست پر سائن کردیے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواست نہیں سنی تو ہم کیسے سن سکتے ہیں۔

انور مجید کے وکیل منیر بھٹی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عبوری چالان کے بعد فائنل چالان تاحال نہیں پیش کیا جاسکا۔ اگر کل مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست دائر ہوتی ہے تو اس پر بھی نوٹس جاری ہوں گے۔

منیر بھٹی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمان کو فائنل چالان کے بغیر کیسے غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہیں سماعت سے نہیں روکا ہے۔ عبد الغنی مجید کی سرجری ہونی ہے لیکن انہیں سرجری کے لیے نہیں بھیجا جا رہا۔

عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ جب پہلے بھیجتے رہے تو سرجری کیوں نہیں کی گئی۔

ایف اے پراسیکیوٹر نے ڈاکٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ سرجری کیوں نہیں کی کس نے منع کیا تھا عدالت کو بتائیں۔

عبدالغنی مجید کے ڈاکٹر نے کہا کہ انہیں سرجری کی ضرورت ہے اس سے پہلے اُن کا کنزرویٹو ٹریٹمنٹ ہو رہا تھا جو فیل ہو گیا ہے۔

عدالت ے عبدالغنی مجید کو میڈیکل ٹریٹمنٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر ہائی کورٹ درخواست ضمانت سنے گی تو ہم بھی سنیں گے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی درخواست ضمانت سننے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

آصف علی زرداری کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے فائنل چالان پیش کرے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ جے آئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جب کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کیس کا ریکارڈ نیب کو منتقل کررہے ہیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ آپ جو بھی کہہ رہے ہیں وہ لکھ کردیں۔ جس پر تفتیشی افسر محمد علی ابڑو نے کہا کہ وہ لکھ کر دے دیتے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہیں نہیں کہا کہ نیب میں ریفرنس فائل کیا جائے۔ صرف مزید تفتیش کا کہا ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کو حکم دیا کہ وہ فائنل چالان پیش کریں یا پھر مقدمہ منتقل کرنے کی درخواست دیں۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیشی افسر کے مطابق ریکارڈ منتقل ہورہا ہے نیب حکام کے ساتھ گفتگو جاری ہے۔

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ہر سماعت پر فائنل چالان جمع کرانے کی مہلت کی درخواست دیتا رہا ہوں۔

عدالت نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کر دی۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی تعداد بینکنگ کورٹ میں تعینات تھی جب کہ غیر متعلقہ افراد کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں