کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو اور سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی باتیں ان کی ناکامی کا اعتراف ہیں۔ وہ ملک میں بادشاہت کے نفاذ کے خواہاں ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کہنا چاہ رہے ہیں کہ پارلیمنٹ ناکام ہوگئی ہے؟ عمران خان کی بات کا مطلب یہ ہے کہ پارلیمنٹ نہیں آمریت اور بادشاہت ہونی چاہیے۔ بنیادی طور پر عمران خان چاہتے ہیں کہ بادشاہت نافذ کرکے انہیں بادشاہ اور ان کے نااہل وزرا کو نورتن قراردیا جائے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے خود کو منتخب وزیراعظم کہنے والا پارلیمنٹ کے مستقبل سے مایوس ہوگیا ہے، عمران خان نے ثابت کردیا کہ وہ ایک سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آغاز پر ہی مایوسی کا شکار ہیں تو آگے کیا ہوگا، ان کے حالیہ بیانات کے بعد انہیں سلیکٹڈ کہنے والے حق بجانب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حالیہ بیانات مایوسی اور بے بسی کی بدترین مثال ہیں، کبھی ایسا بے بس وزیراعظم نہیں دیکھا۔
انتخابی نتائج پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا ہے، سعید غنی
مزید برآں اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پٹرول پر نئے ٹیکس عائد کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے جبکہ گیس بلوں کی آڑ میں عمرانی لوٹ مار ہو رہی ہے اور یہ سب کٹھ پتلی وزیراعظم کی مرضی سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بھی حکومتی ناکامی ہے۔ کٹھ پتلی وزیراعظم کسانوں کا بھی معاشی قتل کر رہے ہیں۔ غریب کسان اپنی فصل کی منصفانہ قیمت نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور ضروریات زندگی کی اشیا عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں۔