پی سی بی آئین پر نظر ثانی کر رہے ہیں، چیئرمین پی سی بی



لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ پی سی بی آئین پر نظر ثانی کر رہے ہیں، کرکٹ بورڈ کا کام پالیسی اور حکمت عملی بنانا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں پی سی بی کو پروفیشنل ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔ چیئرمین کا کام صرف بورڈ کو لیڈ کرنا ہوتا ہے جب کہ کرکٹ بورڈ کا کام پالیسی اور حکمت عملی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 350 لوگوں نے ایم ڈی پی سی بی کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں اور میرے پاس ایم ڈی کے لیے چار نام سامنے آئے تھے جن میں سے وسیم خان کو ہم نے ایم ڈی بنا دیا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ ایم ڈی وسیم خان نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی ہوئی ہے اور یہ کاؤنٹی کی سربراہی کرنے والے پہلے جنوبی ایشیائی ہیں۔ ان سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہت فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شرجیل خان کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہم توجہ کر کے تبدیلی لائیں گے، کرکٹ بورڈ کو اعلیٰ پروفیشنل ادارہ بنانا چاہتا ہوں لیکن میں پہلے جائزہ لیتا ہوں او پھر تبدیلیاں لے کر آتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کام سسٹم کو مضبوط کرنا ہے۔ میرا کنٹریکٹ تین سال کا ہے لیکن میں طویل عرصے کے لیے یہاں رہنا چاہتا ہوں۔


متعلقہ خبریں