کراچی: محمد خان کالونی اتحاد ٹاؤن، بلدیہ کے ایک گھر سے پھندا لگی نعش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پولیس نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ عمران شاہ نامی شخص نے پھندا لگا کر خودکشی کی ہے لیکن حتمی طور پر پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے پر ہی کچھ کہنا ممکن ہو گا۔
پولیس نے جائے وقوع سے ثبوت و شواہد اکھٹے کرکے اپنی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران گلشن اقبال کے علاقے ضیا کالونی، جمالی گوٹھ، رحمتیہ کالونی اور مدینہ کالونی سے دو افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اورمنشیات برآمد کرلی ہیں۔
شہر قائد کے علاقے گلبہار میں واقع حاجی مرید گوٹھ کے قریب بھی ایک کارروائی میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے پستول اورمال مسروقہ برآمد کرلیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق گرفتار ملزمان جنید اور ایمل خان نے ابتدائی تفتیش میں متعدد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
گرفتار ملزمان ناطم آباد اور فرنٹیئر کالونی کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔