این آر او کی خبریں مسترد: ن لیگ، پی پی سے ڈیل نہیں ہورہی، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے این آر او کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) یا مسلم لیگ نواز سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ یہ بات وزیراعظم نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں فواد چوہدری، افتخار درانی، شیریں مزاری اور فردوس عاشق، عثمان ڈار، شبلی فراز، مراد سعید، حماد اظہر، شہزاد اکبر، حماد اظہر اور عامر کیانی شریک تھے۔

اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر علیم خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے حکومتی مؤقف عوام تک بھرپور انداز سے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

15 جنوری کو وزیراعظم نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اپوزیشن حکومت کو دباؤ میں لاکر این آر او لینا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر سال پارلیمنٹ پر عوام کے ٹیکس سے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کیا عوام نے صرف واک آؤٹ کیلئے انہیں منتخب کیا ہے؟ اپوزیشن ان حربوں سے حکومت کو دباؤ میں لاکر این آر او چاہتی ہے۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کے کیسز بند کیے جائیں جن کا پی ٹی آئی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔


متعلقہ خبریں