اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ خیرپور واقعہ کے قصورواروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کرے۔
The govt of Sindh must take swift and decisive action against the perpetrators. This is against the teachings of the Quran. pic.twitter.com/aNr9uAkyTk
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 5, 2019
عمران خان نے خیرپور کے مندر میں ہندوؤں کے مقدس اوراق جلانے کے واقعہ کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ یہ سب قرآنی تعلیمات کے خلاف ہے۔ سندھ حکومت جلد سخت کارروائی کرکے ذمےداروں کو قرار واقعی سزا دے۔
واضح رہے دو روز قبل سندھ کے ضلع خیر پور کے ایک مندر میں نامعلوم افراد نے ہندوؤں کے مقدس اوراق نذر آتش کردیئے تھے۔
یہ واقعہ اتوار کو خیرپور کے ‘سندر شیوا منڈلی مندر’ میں پیش آیا تھا۔ یہ مندر ضلع کے علاقے کنبھ میں واقع ہے اور یہاں ہندوؤں کی اکثریت آباد ہے۔
ذرائع کے مطابق مقامی افراد نے بتایا تھا کہ اتوار کی شام چھ بج کر 15 منٹ کے درمیان نامعلوم افراد اچانک مندر میں آئے اور تمام کارروائی کرکے فوری طور پر فرار ہوگئے۔
نذرآتش کیے گئے سامان میں بھگوت گیتا، گروگرنتھ کے مقدس اوراق اور مورتی شامل ہے۔ واقعہ کے خلاف ہندو برادری کی جانب سے پیر کو احتجاج بھی کیا گیا جبکہ پولیس میں بھی نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔
کنبھ کا علاقہ خیرپور کے مرکزی بازار سے کم و بیش 28 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے جو کوٹ ڈیجی کی حدود میں آتا ہے۔