ملک دشمن عناصر کو ناکام بنانے کا وقت آگیا، آرمی چیف

آپریشن رد الفساد کے بعد متحارب خفیہ ایجنسیوں کا احاطہ جاری، آرمی چیف | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: آئی ایس پی آر


راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ مربوط قومی لائحہ عمل کے ذریعے  ملک دشمن عناصر  کی سازشوں کو ناکام بنادیا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی ہے جس میں جیواسٹریٹجک صورت حال، داخلی سیکیورٹی کےمعاملات، افغان امن عمل، کنٹرول لائن کی صورتحال اور  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  کورکمانڈر کانفرنس میں اعادہ کیا گیا ہے کہ امن اور استحکام کی راہ میں متحارب خفیہ اداروں کو کوئی کھیل نہ کھیلنے دیں گے اور آپریشن رد الفساد کے ثمرات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ اندرونی سیکیورٹی کی بہتری کا فائدہ عوام الناس کو پہنچے گا اور امن و امان کی بحالی سے ملک میں اقتصادی ترقی کی راہیں کھل جائیں گی۔

آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں  ملک کی اندرونی صورت حال کا احاطہ کیا گیا اور شرکا نے اندرونی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

کانفرنس میں سرحدوں کی صورت حال پر بھی غور کیا گیا اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری کی صورت حال پر  آرمی چیف کو مفصل بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کے بعد متحارب خفیہ ایجنسیوں کا احاطہ جاری ہے اور خفیہ ایجنسیوں کو وطن عزیز کے خلاف کوئی سازش کرنے نہیں دیں گے۔

کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور ہم یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ افغان امن عمل علاقائی سلامتی کیلئے اہم ہے اور شرکا نے خطے خصوصاً افغان امن عمل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی اظہار اطمینان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں