وزیراعظم نے ’صحت انصاف کارڈ‘ پروگرام کا افتتاح کردیا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم غربت ختم کرنے کا جامع پروگرام لائیں گے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں۔

عمران خان نے اسلام آباد میں صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی میں صحت انصاف کارڈ کا نام خوش آئند ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کا اجرا پہلے ہی کیا جا چکا ہے اور قبائلی علاقوں میں بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وسائل استعمال کرکے بہتری کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صحت کارڈ کے تحت غریب خاندان سات لاکھ 20 ہزار روپے تک خرچ کرسکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں کئی خاندان صرف بیماری کی وجہ سے غریب ہوجاتے ہیں۔ غریب خاندان میں ایک بیمار کی وجہ سے سب ہی متاثر ہوتے ہیں جب کہ اپنوں کی تکلیف کا درد میں اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام پالیسیاں غربت کے خاتمے کے لیے ہی بنا رہے ہیں۔ غریب آدمی اپنا علاج بیرون ملک سے نہیں کرا سکتا ہے اور اس کے لیے علاج معالجہ ہی سب سے مشکل ہوتا ہے جب کہ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ ہم غربت میں کمی اور نچلے طبقے کو اوپر لانے کا پلان جلد لا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کا محورملک سے غربت کا خاتمہ ہے۔ امپورٹ اورایکسپورٹ خسارے کی وجہ سے روپے کی قیمت گری ہے جب کہ بنگلہ دیش اورسری لنکا بھی پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں