سری نگر: کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے پر مقبوضہ کشمیر کو مفلوج کر دیا گیا ہے۔
نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے حوالے سے جاری کی گئی ویڈیومیں مشعال ملک نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورے کی وجہ سے کشمیر کے لوگ گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔ پورے مقبوضہ کشمیر میں سانپ سونگھ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی سیکیورٹی کے لیے شارپ شوٹرز تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں حریت کی تمام قیادت کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔
بھارت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت انسانی حقوق اور جمہوریت کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا مارشل لاء انڈیا کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لگا ہوا ہے۔
مشعال ملک نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم کا دورہ کشمیر کا مقصد یہاں پر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ لانچ کرنا ہے۔ ہندوستان ہمارا خون اور پانی چوس رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے نہ صرف کشمیریوں کے آزادی کا حق چھینا جا رہا ہے بلکہ قدرتی وسائل بھی لوٹے جا رہے ہیں۔