گوجرانوالہ: 200 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر کا تقرر


گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کی صوبہ پنجاب میں قائم حکومت نے نائلہ باقر کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ مقرر کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں اٹھایا جانے والا یہ فیصلہ اس لحاظ سے منفرد اہمیت کا حامل ہے کہ گوجرانوالہ کی 200 سالہ تاریخ میں ان کا نام پہلی خاتون ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے لکھا جائے گا۔

پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ سے تعلق رکھنے والی گریڈ 19 کی آفیسر نائلہ باقر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ گوجرانوالہ کی 200 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون ڈپٹی کمشنرہوں۔‘

انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ’میرا مقصد یہ ہے کہ اپنے شہر کے لوگوں کی اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے بہتر خدمت کرسکوں۔‘

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ ’اس ضمن میں ملنے والی قیمتی آراء پر شکرگزار رہوں گی۔‘

نائلہ باقر نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ’عوام الناس کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لاؤں گی۔‘

گریڈ 19 کی آفیسر نائلہ باقر نے اپنے ٹوئٹ کا اختتام ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے سے کیا ہے۔


متعلقہ خبریں