کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اگر کہیں گے تو سندھ حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجانا جانتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے خطاب پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جونیئر زرداری جو زبان استعمال کررہے ہیں وہ سینئرزرداری کی تربیت تو ہوسکتی ہے لیکن بھٹو کی نہیں۔
انہوں نے سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری اپنے ارد گرد گند لے کر گھومتے رہتے ہیں اس لیے انہیں ہر جگہ گند نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی بی کے قاتلوں کا پوچھیں تو بلاول کہتے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کی عوام کے لیے جو بہتر سمجھیں گے, ہم وہی کریں گے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ جونیئر زرداری سندھ کے عوام کے لیے بھی لانگ مارچ کرلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرینی لیڈران بھی عمران خان پر تنقید کررہے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ مراد علی شاہ جیسے اومنی نواز وزیراعلیٰ کو ساتھ کھڑا کرکے بلاول کرپشن پر لیکچر دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کے والد اور پھپو سمیت ٹیم کا کھیل ہی کرپشن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو اگر پیسے چاہئیں تو اومنی گروپ سے ادھار لے لیں وفاق واپس کردے گا۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ این ایف سی ایوارڈ کی مد میں ملنے والی رقم ایان علی لانچوں میں بھر کے باہر لے جاتی رہی ہیں۔