کراچی کے پوش علاقے سے ٹرانسپورٹر کو دن دہاڑے اغواء کرکے بلوچستان میں قتل کردیا گیا۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس سے 25جنوری کی صبح اغواء ہونے والے ٹرانسپورٹرعبد الرحیم مینگل کی گاڑی اور سوختہ لاش 26 جنوری کی شام بلوچستان میں تحصیل بیلہ کے مقام سے ملی۔
ہم نیوز کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مغوی ٹرانسپورٹر کو سر میں دو گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور لاش کو گاڑی سمیت جلادیا گیا۔
سب انسپکٹر امتیاز تفتیشی افسر تھانہ درخشاں نے بتایا کہ مقتول کے لواحقین نے انکشاف کیا کہ ماضی میں کراچی کے مبینہ ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او ظفر عباس نے ساتھیوں کی مدد سے مقتول کو اغواء کرکے 75 لاکھ روپے تاوان وصول کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اغواء کے کیس میں سابق تھانیدار کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی تھی۔
مقتول ٹرانسپورٹر کے لواحقین نے پولیس کی تفتیش پر سست روی کا الزام عائد کردیا اور ارباب اقتدار سے بہیمانہ واردات کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہےکہ اغواء و قتل کی واردات پر ماضی کے معاملات کو سامنے رکھتے ہوئے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر سابق تھانیدار کو شامل تفتیش کیا جاسکتا ہے۔