تحریک انصاف، ایم کیو ایم اختلافات کھل کر سامنے آگئے

پی ٹی آئی کا وفد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرے گا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات کی تصدیق ہو گئی ہے۔ خرم شیرزمان اورفردوس شمیم نقوی کی وسیم اختر پر تنقید پرمتحدہ نے بھی کھل کرناراضگی کااظہارکردیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے خواجہ اظہارالحسن سے اسمبلی میں احتجاج کے دوران ساتھ نہ دینے کا شکوہ کیا۔

اس پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے تحریک انصاف سے مئیروسیم اخترکے خلاف پریس کانفرنس کرنے کا طعنہ دیا۔

اتحادیوں سے معاملات کو درست کرنے کے لیے تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن اراکین کواپنے گھر پر شائیے پر مدعو کیا لیکن اس میں ایم کیو ایم کی جانب سے کسی رہنما یا رکن اسمبلی نے شرکت نہیں کی۔

تحریک انصاف کے رکن کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں جی ڈی اے کے تین اراکین نے شرکت کی، اس کے علاوہ کسی جماعت سے کسی بھی رکن نے شرکت نہیں کی۔

قومی اسمبلی میں سات نشستیں رکھنے والی ایم کیوایم پاکستان تحریک انصاف کی اہم اتحادی ہے لیکن دونوں جماعتوں کی کراچی کی قیادت کے ایک دوسرے کیخلاف بیانات اورشکایات سے یہ تعلق تناؤ کا شکار ہے۔


متعلقہ خبریں