پیسکو بورڈ کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں میں پیسکو کے بورڈ کی تنظیم نو کرنے کا فیصلہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخواہ سے متعلقہ توانائی سے متعلق مختلف ایشوز کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو مائیکرو ہائیڈل پراجیکٹ کی تکمیل اور اس سلسلے میں پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ آئندہ تین ماہ میں مکمل طور پر تیار 356 مائیکرو ہائیڈل پراجیکٹ کمیونٹی کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ انرجی پراجیکٹس کے قیام کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے قانون کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

چئیرمین انرجی ٹاسک فورس ندیم بابر کی جانب سے ملکی سطح پر توانائی کی صورتحال کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملکی ترقی اور شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ 25 سالوں کے لئے انرجی کی طلب و رسد کا تخمینہ تیار کیا جا چکا ہے جو جلد وزیرِ اعظم کو پیش کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ دس سالوں میں انرجی کے تمام پراجیکٹ قابل تجدید توانائی پر مبنی ہوں گے۔

اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں تیل اور گیس کی پیداوار، بجلی بنانے کے مختلف منصوبوں پر پیش رفت اور انرجی سے متعلقہ مختلف ایشوز پر بات چیت  کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این ٹی ڈی سی، سی پی پی اے اور انرجی سے متعلقہ تمام وفاقی اداروں میں صوبائی نمائندگی یقینی بنائی جائے گی۔

صوبوں کے درمیان نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور اے جی این قاضی فارمولے سے متعلقہ معاملات کے حل کے لئے کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی آئندہ ایک ہفتے میں مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر برائے پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان ، وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان، چیئرمین ٹاسک فورس برائے انرجی ندیم بابر، مشیر وزیر اعلی خیبر پختونخواہ حمایت اللہ  اور سینئر افسران شریک تھے۔


متعلقہ خبریں