ندیم ملک لائیو میں نعیم الحق اور نوید قمر میں گرما گرمی



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے روپے کی قدر گرنے سے زبردستی روک کر غلطی کی تھی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ نوید قمر نے کہا کہ سارے بجٹ میں تجاویز ہی ہوتی ہیں لیکن اس میں حکومت کی نیت معلوم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ علیمہ خان کے معاملے میں ایمنسٹی دیتے ہیں تو پھر نیب وغیرہ کا کیا فائدہ۔

نوید قمر نے کہا کہ آئین سب کو فلور آف دی ہاؤس پر بات کرنے کی اجازت دیتا ہے، پروڈکشن آرڈر اسپیکر کا اختیار ہے اور لیڈر آف اپوزیشن حکومت کے قصیدے پڑھنے کیلیے تو نہیں ہوتا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما  خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت کا منی بجٹ مافیاز کو سپورٹ کرنے کیلئے تھا۔ وزیرخزانہ نے تجویز دی کہ اگر آف شور کمپنی چھپائی گئی اور بعد میں ظاہر ہوگئی تو ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔

ہمارا خیال تھا کہ آف شور کمپنی چھپانا جرم ہے لیکن جب وزیراعظم کی خاندان کی باری آئی توصرف جرمانہ لے کر چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے نعیم الحق کو کہا کہ آپ لوگ پارلیمنٹ پر شلواریں لٹکاتے رہے ہیں، احتجاج ، دھرنے اور پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی کرتے تھے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اگر وزیراعظم کے قریبی لوگ اپوزیشن کو دھمکیاں دیں گے تو یہ پارلیمنٹ نہیں چلا سکیں گے۔

نعیم الحق، نوید قمر اور خرم دستگیر میں گرما گرمی

نعیم الحق نے اپنے ٹویٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو سانحہ ساہیوال پر بات کرنے کیلیے پروڈکشن جاری کیے تھے لیکن انہوں نے آتے ہی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پر تنقید شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس سے پہلے طے ہوا تھا کہ اپوزیشن لیڈر صرف سانحہ ساہیوال پر بات کریں گے لیکن شہباز شریف نے وزیراعظم پر تنقید شروع کردی۔

نعیم الحق نے کہا میری رائے ہے کہ اگر یہی رویہ رہا تو ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں ن لیگ کے لوگوں نے بتایا ہے کہ یہ اسمبلی کی کارروائی نہیں چلنے دیں اور نہ کوئی قانون پاس ہونے دیں گے۔

پی پی رہنما نوید قمر نے کہا آئین قومی اسمبلی میں اظہار رائے کی آزادی اور تحفظ دیتا ہے۔ اپوزیشن لیڈر حکومت کے قصیدے پڑھنے کیلئے نہیں ہوتا۔

نوید قمر کی گفتگو میں نعیم الحق نے ٹوکا تو پی پی رہنما نے کہا کہ ہم نے آپ کی بات تحمل سے سنی آپ کو بھی چاہیے ہماری بات سنیں لیکن نعیم الحق بولتے رہے تو نوید قمر شو چھوڑ کر جانے کیلے اٹھ کر کھڑے ہوگئے۔

ن لیگی رہنما خرم دستگیر نے کہا پی ٹی آئی نے اپوزیشن میں بیٹھ کر کیا کچھ نہیں، انہوں نے پارلیمنٹ کی دیوار پر شلواریں لٹکائیں اور اسمبلی میں احتجاج کیا۔

نوید قمر اور خرم دستگیر کی گفتگو میں نعیم الحق کہتے رہے’  تم لوگ لٹیرے ہو، چور ہو، تمہاری قیادت کو جیل میں ہونا چاہیے، تم لوگوں نے خزانہ خالی کردیا ہے انہیں جیل جانا چاہے‘۔


متعلقہ خبریں