اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ اسدعمرنے کہا ہے کہ معیشت کے لیے جو خطرے کی گھنٹی بج رہی تھی وہ رک گئی ہے۔
اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ کانفرنس میں اسدعمرنے کہا کہ معیشت کو صحیح راستے پرلانے کے لیے اقدامات کی ابتداء ہے، معیشت کے لیے جو خطرے کی گھنٹی بج رہی تھی وہ رک گئی ہے۔معیشت مریض کی طرح ملی، پہلا کام سرجری تھا۔
اسدعمرنے کہا کہ ملک میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ہے۔ بیرونی فنانسنگ کے لیے ضروری انتظامات کیے ہیں، صورتحال میں بہتری کے لیے روڈمیپ اپنایا ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ آئی ایف سی سے قرضے کم شرح پریاسستے ملتے ہیں. سعودی عرب، یواے ای اور چین سے ملنے والا قرضہ ہمیں وہاں سے کم شرح پر ملا ہے۔ گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، آزاد ملک ہیں ہم اپنے فیصلے خودکریں گے۔ کسی سے ڈکیٹیشن نہیں لیں گے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے بتایا کہ چین سے معاہدہ طے پاگیا ہے جس کا اعلان بھی جلد ہوگا۔چین کے ساتھ فنانسنگ اور تجارت کے معاہدے ہیں، ان سے متعلق کوئی بھی چیزنہیں چھپائیں گے۔
اسدعمر نے کہا کہ ہم بیرون ملک کا دورہ کرکے ابھی واپس نہیں پہنچتے کہ پہلے ہی کہہ دیا جاتا ہے دورہ ناکام ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ملک میں اصلاحات کررہے ہیں جس کے اثرات فوری طورپرنظر نہیں آئیں گے، یہ سامنے آنے میں وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ معاشی صورتحال کامیابی کی طرف جارہی ہے۔ جب تک معیشت کی بنیاددرست نہیں کریں گے معیشت سیدھے راستے پرنہیں آسکتی۔ ہمارے اقدامات سے ملکی معیشت درست ہوگی۔