سانحہ ساہیوال، وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اہم اجلاس طلب


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال سے متعلق آج شام کو اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت سانحہ ساہیوال سے متعلق اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہو گا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، صوبائی وزیر قانون، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور مختلف ایجنسیز کے حکام شریک ہوں گے۔

اجلاس میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) سانحہ ساہیوال سے متعلق اپنی رپورٹ بھی پیش کرے گی۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد سانحہ ساہیوال کے حوالے سے اہم فیصلوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔

پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا تھا جے آئی ٹی کی رپورٹ آتے ہی اجلاس طلب کر کے رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہاں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر جے آئی ٹی رپورٹ سے مطمئن نہ ہوئی تو جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب کریں گے۔ تاہم یہ واقعہ دہشت گردی ہے کہ نہیں اس کے بارے میں جے آئی ٹی کی رپورٹ سے قبل کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں بھی کل بدھ کے روز سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ پر بحث کی جائے گی جب کہ اپوزیشن نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں سانحہ ساہیوال پر بھر پور احتجاج بھی کیا تھا۔


متعلقہ خبریں