اسلام آباد: پاک افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاک افغان وزرائے اعظم میں براہ راست رابطہ ہوگیا جس کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کو دورے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم عمران خان کو افغان صدر اشرف غنی نے ٹیلی فون کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور خطے کے مسائل کے حل کے لیے روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔
افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم پاکستان کو دورہ افغانستان کی دعوت دی، وزیراعظم عمران خان نے بھی افغان صدرکو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان سنجیدہ کوششیں کررہا ہے، پاکستان سمیت پورے خطے کا امن افغانستان سے جڑا ہے۔
امریکہ کی جانب سے درخواست کے بعد افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آئی ہے، امریکہ نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسی سلسلے میں انتہائی سرگرم ہیں اور خطے کے رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ماضی قریب میں امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی اور اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقات کی تھی۔ طالبان کے ایک وفد نے ماسکو میں بھی امن کانفرنس میں شرکت کی تھی۔