بریگزٹ ڈیل ناکام، برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش

برطانوی پارلیمنٹ نے ترمیم شدہ بریگزٹ ڈیل مسترد کر دی

فوٹو: فائل


لندن: برطانوی پارلیمان نے بھاری اکثریت سے یورپی یونین سے اخراج کا معاہدہ مسترد کردیا ہے، اپوزیشن کی جانب سے برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کردی گئی جس پر آج ووٹنگ ہوگی۔

پارلیمان سے بریگزٹ معاہدہ منظور کرانے میں ناکامی کے بعد اپوزیشن لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے وزیراعظم  کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا جس پر آج ووٹنگ کی جائے گی۔

حکومتی حلیف جماعت ڈیموکریٹک یونیانیسٹ پارٹی نے عدم اعتماد تحریک میں تھریسا مے کی حمایت کا اعلان کیا ہے،، ڈی یو پی نے بریگزٹ معاہدے کے خلاف ووٹ دیا۔

منگل کو برطانوی دارالعوام میں بریگزٹ معاہدے پر ووٹنگ ہوئی جس کے دوران 202  اراکین نے حق میں جب کہ 432 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

کنزرویٹو پارٹی کے118 ارکان نے حزب مخالف کے ساتھ مل کر اس معاہدے کے خلاف ووٹ دیا۔

بریگزٹ معاہدے کی پارلیمان سے منظوری نہ ہونے کو وزیراعظم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

اس معاہدے پر ووٹنگ ابتدائی طور پر دسمبر میں ہونا تھی تاہم  تھریسامے نے شکست کو بھانپتے ہوئے اسے ملتوی کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی حتمی تاریخ 29 مارچ مقرر ہے اور اس معاہدے میں برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کی شرائط متعین کی گئی تھیں۔

اس سے قبل 1924 میں لیبر پارٹی کے رمزے میکڈونلڈ کی حکومت کو دارالعوام میں 166 ووٹوں سے شکست ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں