کراچی:ایم کیو ایم پاکستان کے ناراض رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مئیروسیم اختراختیارات نہ ملنے کا رونا روتے ہیں لیکن انہیں توڑ پھوڑ کا ٹھیکہ مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ظلم کیا گیا اور اب متاثرین کی نہ کوئی سن رہا ہے اور نہ ہی متبادل جگہ فراہم کی جارہی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے دھمکی دی کہ اگلے ہفتے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کریں گے، اگر پھر بھی حق نہ ملا تو وزیراعلی ہاؤس جائیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گارڈن مال بنایا جائے اور انہیں مالکانہ حقوق دیئے جائیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے مسمار ہونے والی دکانوں کے متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں اپنی طرف سے تعاون کا یقین دلایا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام کو پریشان کیا گیا، لوگوں کو بے روزگار کرنا بند کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کراچی کے سارے مسائل حل کریں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ بہادرآباد گروپ خدمت خلق فاونڈئشن کی جائیدادیں فروخت کرنے کے چکر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی صورت کے کے ایف کی جائیدادیں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔
علی رضا عابدی قتل کے حوالے سے ان کہنا تھا کہ علی رضا عابدی کی ہلاکت پر وفاقی و صوبائی حکومت نے مگرمچھ کے آنسو بہائے لیکن اب تک کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اب اگر کوئی سانحہ ہوا تو مقدمہ وزیر اعظم،صوبائی و وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلی کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیئے۔