گلوکار ایکون کی پاکستانیوں سے ڈیمز فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل

فوٹو: فائل


اسلام آباد: معروف امریکی گلوکار، ہدایتکار اور سماجی کارکن ایکون پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس سے قبل انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام سے ڈیمز فنڈ میں حصہ لینے کی درخواست کی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ایکون کے بھیجے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ معروف شخصیات کا دورہ  پاکستان اب خام خیالی نہیں رہی۔

ٹویٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم معروف گلوکار ایکون کو پاکستان کی سرزمین پر خوش آمدید کہتی ہے۔

اس سے قبل اپنے ٹویٹر پیغام میں گلوکار ایکون کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2025 تک پاکستان میں پانی کے ذخائر تقریباً ختم ہو جائیں گے۔

ایکون کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں مقیم تمام پاکستانیوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ڈیم بننے میں مدد کریں، تاکہ ہم پاکستان کو ایک محفوظ مستقل دے سکیں۔

واضح رہے کہ معروف گلوکار ایکون نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان آنے کی خبر دی تھی۔

شیڈول کے مطابق امریکی  گلوکار 26 اپریل کو کراچی اور 29 کو لاہور میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ وہ عالمی فٹبال کپ کے حوالے سے پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق ورلڈ ساکر اسٹارز کے تحت انٹرنیشنل فٹبال کے ساتھ انٹرنیشنل میوزک بھی پاکستان میں متعارف ہوگا۔

پاکستان آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے 44 سالہ نوجوان گلوکار کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان کے عوام سے ملنے کا وقت آ چکا ہے۔ بہت جلد ’ٹچ اسکائی‘ گروپ کے ہمراہ کراچی اور لاہور آنے کے لیے تیار ہوں۔


متعلقہ خبریں