تحریک انصاف نے آصف زرداری کے خلاف نااہلی درخواست واپس لے لی



کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔

رہنما تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا کہ انہیں آصف زرداری کے خلاف مصدقہ شواہد ملے ہیں، معاملہ سپریم کورٹ میں لے جانا چاہتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے اس ریفرنس کو بڑے فورم پر اٹھائیں گے۔ پاناما کے بعد یہ ملک کا سب سے بڑا کیس ہوگا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کے پیسے لوٹنے والوں کا احتساب لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس شواہد موجود ہیں جس کی تصدیق بھی کرا لی گئی ہے، ہم شواہد کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔

خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پاس جو شواہد موجود ہیں ان سے  زرداری نہیں بچ سکتے، جن لوگوں نے بیرون ملک میں جائیدادیں بنائی ہیں ہم ان کو عدالتوں میں لائیں گئے۔

الیکشن کمیشن میں آصف زرداری کی نااہلی کے خلاف درخواست کی ابتدائی سماعت آج ہونی تھی، رہنما تحریک انصاف آج الیکشن کمیشن پہنچے اور حکام کو درخواست واپس لینے سے متعلق آگاہ کیا۔

آج کی ابتدائی سماعت میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جانا تھا۔

ممبر سندھ الیکشن کمیشن عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کرنی تھی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری پر مبینہ اثاثے چھپانے کے الزام میں نا اہلی کی درخواست دائر کی تھی،  الیکشن کمیشن نے  آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواست گزشتہ دسمبر میں ابتدائی سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے شروع میں درخواست قبول کرنے سے اعتراض کیا تھا مگرجب ان کی اسلام آباد کے مرکزی الیکشن کمیشن سے بات ہوئی تو پی ٹی آئی کی درخواست قبول کر لی گئی۔

خرم شیر زمان نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شواہد کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گئے، پاناما کیس کے بعد یہ ملک کا سب سے بڑا کیس ہوگا۔

دوسری جانب ڈپٹی میئر کراچی ارشد ووہرا کے خلاف نااہلی کی درخواست پر بھی آج  سماعت ہوگی۔

ڈپٹی مئیر کراچی کے خلاف  ایم کیو ایم پاکستان کے کنونئیر خالد مقبول صدیقی نے درخواست دائر کررکھی ہے۔


متعلقہ خبریں