لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ گرینڈ الائنس کی طرف کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے اور نہ ہی گرینڈ الائنس بنانے کی کوئی کوشش کی جارہی ہے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام سیاسی انجینئرنگ ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی حملوں کا سیاسی جواب دیں گے اور قانونی حملوں کا جواب قانونی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کودوڑسے باہر کرنا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ظلم کا مقابلہ پہلے بھی کیا اورآج بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ چیئرمین سینیٹ کو پیپلزپارٹی نے تعینات نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان میں ملاقات ہوتی رہتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جارہے ہیں اورمسائل پرسیاست کررہےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کےلئےجدوجہد جاری رہےگی۔ حکمران جماعت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وفاق میں کام کرسکتے ہیں اور نہ ہی پنجاب چلاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں بھی اپوزیشن کو ساتھ رکھنے میں کردار ادا کیا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایک سال کا تھا تب سے سن رہا ہوں کہ زرداری گرفتار ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنا جواب عدالت میں دےرہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ نیب اوردیگرادارےحکومت کےدباؤمیں کام کررہےہیں اور چونکہ حکومت کے پاس دکھانے کو کچھ نہیں ہے اس لیے سیاسی مخالفین کو دبارہےہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی کی کردارکشی کی جارہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر استفسار کیا کہ کوئی بتائے کہ کیا حکومت چل رہی ہے؟