مجھے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، آصف علی زرداری

عید الاضحیٰ: قربانی کے جانوروں کو زرداری ہاؤس پہنچا دیا گیا

نواب شاہ: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن مجھے عوامی خدمت سے نہیں روکا جاسکتا اورمیں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

انہوں نے یہ بات سابق رکن صوبائی اسمبلی سید فصیح احمد شاہ کے گھرپہ آمد کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ پی پی پی کے شریک چیئرمین کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام تھا جس میں سیاسی اورحکومتی شخصیا ت کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہم نیوز کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ نیب کے قانون سخت ہونے کی وجہ سے بیوروکریسی اور منتخب نمائندے پریشان ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نیب کا قانون ہم پر استعمال کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کو ہمیشہ روزگار دیا ہے اور اگر کسی کو روزگاردینا جرم ہے تو میں یہ جرم اورگناہ کرتا رہوں گا۔

ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں ڈالر پاکستان کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پی پی پی نے ڈالر کو قابو میں رکھا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب میں بی بی کے ساتھ تھا تو میرا کردار مختلف تھا لیکن اب کردار اور ہے۔

سابق صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ انسان کو سیاسی حالات کا سامنا کرنا چاہیے۔ عام آدمی جب جیل جاتا ہے تو مجھے علم ہے کہ وہ کیا سوچتا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ انہیں پتہ ہے کہ انتخابات میں ہمیں کس کس نے روکنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں