اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز بھی گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پربارش جب کہ پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔
وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ روز بارش کے بعد رات کو مطلع صاف ہو گیا جس کے سبب صبح کُہر پڑنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے چند اضلاع میں دھند اور کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ فیصل آباد میں رات بھر سے جاری ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی 92 فیصد رہا۔
مری شہر اور گردونواح میں دو دن برفباری کے بعد سورج نکلنے سے موسم نکھر گیا لیکن سردی کی شدت برقرار ہے اور اتوار کی صبح بھی درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سوات میں برفباری کے بعد موسم صاف ہوگیا ہے۔ مالم جبہ، کالام، میاندم اور دیگر بالائی علاقوں دو دو فٹ برف پڑنے سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔
بلوچستان کے اضلاع شیرنائی اور ژوب میں اتوار کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے تاہم دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں سرد اور خشک موسم جاری رہے گا اور آئندہ چند روز تک بارش امکان نہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بگروٹ، گوپس منفی07، ہنزہ، کالام منفی06، دروش منفی04، پاراچنار، مالم جبہ، دیر منفی03، گلگت منفی02، راولاکوٹ، بونجی اور مری منفی01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔