عدالت نے آصف زرداری اور مشرف کیخلاف این آر او کیس ختم کردیا

عدالت نے آصف زرداری اور مشرف کیخلاف این آر او کیس ختم کردیا | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر آصف علی زرداری، پرویز مشرف اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف قومی مفاہمتی آرڈیننس(این آر او) کیس ختم کردیا ہے۔

عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے جمعہ کے روز فیروز شاہ گیلانی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے سابق صدور کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ این آر و سے کرپشن کیسز ختم کیے گئے جس سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔

درخواست گزار نے استدعا کی تھی ملک کی لوٹی ہوئی رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے درخواست گزار کدھر ہیں؟

وکیل نے بینچ کے سربراہ کو بتایا کہ فیروز شاہ گیلانی علیل ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آصف زرداری، پرویز مشرف اور ملک قیوم کے اثاثوں کی تفصیل آچکی ہے اور اومنی گروپ کیس میں بھی بہت پیش رفت ہو چکی ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

عدالت نے سابق صدور پرویز مشرف، آصف زرداری اور ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کرتے ہوئے فیروز شاہ گیلانی کی درخواست نمٹا دی۔

این آر او کیا ہے؟

سابق صدر پرویز مشرف نے  2007 کو سات دفعات پر مشتمل قومی مفاہمتی آرڈیننس(این آر او) جاری کیا تھا جس کے تحت کم و بیش 8 ہزار سے زائد مقدمات ختم کیے گئے تھے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2009 میں مذکورہ آرڈیننس کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ختم کیے گئے مقدمات کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں