کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کا پہلا دن جنوبی افریقہ کے نام

جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مرکرام نے شاندار نصف سنچری اسکور کی—رائٹرز۔


کیپ ٹاؤن: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن میزبان ٹیم کے نام رہا جس نے پہلے پاکستان کو 177 رنز پر آؤٹ کرکے صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنالیے ہیں۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقہ نے بولرز کے لیے سازگار پچ کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ فخر زمان ایک، امام الحق 8 جبکہ اظہر علی دو رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز اسد شفیق تھے جنہوں نے 20 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم بھی جلد آؤٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر پاکستان کا اسکور 54 رنز تھے جبکہ اس کے پانچ بلے باز آؤٹ ہوچکے تھے۔

اس موقع پر کپتان سرفراز احمد اور شان مسعود کے درمیان 60 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس نے قومی ٹیم کو 100 رنز کے اندر ہی آؤٹ ہونے سے بچایا۔ شان مسعود 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دباؤ کا شکار پاکستانی کپتان نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 56 رنز بنائے جبکہ محمد عامر 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل اسٹین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—رائٹرز۔

پاکستانی ٹاپ آرڈر ہی کی طرح پاکستان کے اختتامی بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پورٹی ٹیم 177 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈوان آلیویئر نے چار، ڈیل اسٹین نے تین، کگیسو رباڈا نے دو جبکہ ورنن فلینڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقی ٹیم ٹاپ آرڈر نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن انتہائی مضبوط کردی ہے۔

میزبان ٹیم کے اوپنر ایڈن مرکرام نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 78 رنز بنائے جبکہ ہاشم آملہ 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

فٹنس حاصل کرنے کے بعد فاسٹ بولر محمد عباس کو حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسپنر مہاراج کی جگہ فلینڈر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم چار پیسرز کے ساتھ میدان میں آئی ہے۔

پاکستان نے آج تک جنوبی افریقی سرزمین پر کسی سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔ اس وقت تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اس سے قبل سنچورین کے میدان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان نے میزبان ٹیم کو 149 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کر لیا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں