پہلے میچ کی شکست کے بعداب مورال بہترہے،سرفرازاحمد


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے کہا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد ٹیم کا مورال کافی ڈاؤن تھا تاہم اب نئے شہر میں کھیلنے آئے ہیں اور مورال اب بلند ہے۔

کیپ ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں تین فاسٹ بولرزکےساتھ میدان میں اتریں گے۔ پچ کو دیکھتے ہوئے ایک اسپنر ٹیم میں شامل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں چھ بلے باز برقرار رہیں گے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کل کے مقابلے میں آج پچ مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ بلے بازوں کےرنز کرنے سے ہی بہتر پوزیشن میں ہوں گے، اگر انہوں نے اچھے رنز کر لیے تو بولرمخالف ٹیم کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ ‏حارث سہیل سیریز سے باہرہوچکے ہیں جبکہ محمد عباس ٹیم میں واپسی کیلئے مکمل فٹ ہیں۔ یاسر شاہ کیلئے پچ کو موزوں قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ یہاں وکٹیں حاصل کرسکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ‏محمدعباس اور ورنن فلینڈرکا مقابلہ نہیں، عباس نے ابھی کیریئرکا آغاز کیا ہے۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد قومی ٹیم بالخصوص کپتان سرفراز احمد تنقید کی زد میں ہیں۔

سنچورین ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سرفرازاحمد بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے تھے۔

دورہ جنوبی افریقہ سے قبل قومی ٹیم کا دبئی میں نیوزی لینڈ کا سامنا ہوا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں دو ایک سے شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں